ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / رئیل ایسٹیٹ مافیا سے پولیس کی ملی بھگت ناقابل برداشت: پرمیشور

رئیل ایسٹیٹ مافیا سے پولیس کی ملی بھگت ناقابل برداشت: پرمیشور

Sun, 05 Feb 2017 10:39:01    S.O. News Service

بنگلورو،4؍فروری(ایس او نیوز)ریاستی وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے متنبہ کیا ہے کہ رئیل ایسٹیٹ مافیا سے ہاتھ ملانے والے پولیس افسران یا جوانوں کے خلاف بلامروت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ آج شہر کے کونن کنٹے اور پٹینا ہلی میں نئے پولیس تھانوں کا افتتاح کرنے کے بعد انہوں نے پولیس جوانوں اور افسران کو آواز دی کہ کسی بھی حال میں رئیل ایسٹیٹ مافیا سے ہاتھ نہ ملائیں۔ انہوں نے کہاکہ بعض پولیس افسران کی طرف سے رئیل ایسٹیٹ مافیا کا کھلونا بن کر بے قصوروں کو ہراساں کئے جانے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ اسی لئے پولیس اپنی قانونی ذمہ داریوں کو مکمل کرنے پر توجہ دے اور کسی کے ساتھ ناانصافی برداشت نہ کرے۔ انہوں نے کہاکہ جو پولیس جوان رئیل ایسٹیٹ مافیا کے ساتھ ہوں گے اور ان کی ایماء پر بے قصوروں کوہراساں کریں گے انہیں سخت تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس کی یہ سب سے بڑی ذمہ داری ہے کہ جن لوگوں کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے انہیں انصاف دلائے ۔ایسا کرنے کی بجائے اگر پولیس بھی ناانصافی کرنے والوں کے ساتھ کھڑی ہوگئی تو عوام کہاں جائیں گے۔ وزیر داخلہ نے تاکید کی کہ قانون شکنی کرنے والوں کا پولیس ہرگز ساتھ نہ دے، بلکہ ان کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ انہوں نے کہاکہ انسداد جرائم کیلئے پولیس کو عوام کا تعاون بہت ضروری ہے۔ عوام کی مدد اور تعاون سے جرائم کی رفتار کو کافی حد تک کم کیاجاسکتاہے۔ اس موقع پر رکن پارلیمان ڈی کے سریش ، ڈی جی پی روپ کمار دتہ ، شہر کے پولیس کمشنر پروین سود اور دیگر اعلیٰ عہدیداران موجود تھے۔


Share: